1000005754

یمن کی بندرگاہ حدیدہ پر سعودی فوجی اتحاد نے بڑا حملہ کیا ہے۔ بندرگاہ پر بنے ایندھن کے ذخائر اس حملے کا نشانہ بنے ہیں۔

یہ بندرگاہ حوثی ملیشیا کے کنٹرول میں ہے اور اسے حوثی اکثریتی علاقوں کو خوراک اور ایندھن کی فراہمی کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ بندرگاہ کے ان مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں سے ہتھیاروں، بالخصوص میزائلوں کی اسمگلنگ ہوتی ہے۔

اس سے پہلے سعودی اتحادی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ آج اتحادی فوج کے جنگی طیاروں اور ڈرونز نے یمنی دارالحکومت صنعا میں 7 اہداف پر کامیاب حملے کیے۔ اتحادی فوج نے کہا کہ حوثی ملیشیا کی میزائل اور ڈرونز بنانے والی 6 فیکٹریاں تباہ کردی گئیں

اسی دوران اب سے کچھ دیر پہلے حوثی ملیشیا نے سعودی صوبے جازان کی طرف دو بیلسٹک میزائل داغے۔ جازان کے لیے پہلے الرٹ جاری کیا گیا، جسے کچھ دیر بعد واپس لے لیا گیا۔

سعودی اتحاد نے کہا ہے کہ جازان پر حملہ آور دونوں بیلسٹک میزائل مار گرائے گئے۔

اس سے پہلے سعودی عرب نے یمنی شہریوں سے حدیدہ بندرگاہ خالی کرنے کی اپیل کی تھی۔ جواب میں حوثیوں نے دھمکی دی کہ اگر حدیدہ پر حملہ ہوا تو جواب میں جدہ اور دیگر سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنایا جائے گا

متعلقہ ٹیگز:#War