وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اپنی ذات کے خول سے باہر نکلیں، کیا دنیا میں نئے صوبے نہیں بنتے؟، ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے سندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئےصوبوں کی بحث میں سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں بات چیت ہونی چاہیے جب خون خرابے کی بات کرتے ہیں تو یہ بات کس طرف لے کر جا رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کیا دنیا میں نئے صوبے نہیں بنتے؟ اپنی ذات کے خول سے باہر نکلیں، نئےصوبوں کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر راستے بند کرنا شروع کردیے تو سیاست، ملک اور عوام کے لیے اچھا نہیں، نئےصوبوں کے حوالے سے ن لیگ کی طرف سے کوئی تحفظات نہیں آئے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس پر اتفاق رائے ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے صدر آصف زرداری اور دیگر لوگوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، ہائبرڈ سسٹم چل رہا ہے اور اس سسٹم میں ہمارے اور بھی پارٹنرز ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے سندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے۔