گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری انجام کو پہنچ گیا۔
نیویارک کی عدالت نے ملزم نکھل گپتا کو 19 سال 5 ماہ قید کی سزا سنائی جبکہ ملزم پہلے ہی اپنے جرم کا اعتراف کرچکا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے پروسیکیوٹرز نے نکھل گپتا کے خلاف الزامات پڑھ کر سنائے، مقدمے میں مطلوب ایک اور ملزم بھارتی را ایجنٹ وکاش یادو بھارت میں روپوش ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالت کے باہر مودی اور جے شنکر کے ہتھکڑیوں میں جکڑے پوسٹر بھی لگادیے گئے ہیں جبکہ عدالت کے باہر سکھوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو خالصتان کے نعرے لگارہی تھی۔
واضح رہے کہ 10 نومبر کو امریکی محکمہ خارجہ نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے مقدمے میں مودی حکومت کو باضابطہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 دسمبر تک جواب دینے کی ہدایت کی تھی۔
عدالتی سمن 9 اکتوبر کو واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کو موصول کرایا گیا تھا۔ بھارتی حکومت کو مقررہ 60 روزہ مدت کے اندر سمن کا جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا بصورتِ دیگر بھارتی حکومت کے خلاف یکطرفہ فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔
وکیلِ استغاثہ نے بتایا تھا کہ بھارتی عہدیدار وکاش یادو نے نکھل گپتا کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کا ٹاسک دیا تھا اور 1 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کی منظوری دی تھی۔