امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جوہری جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوگا، ایسی جنگ ہونی نہیں چاہیے۔ امریکا، روس اور چین جوہری خطرات میں کمی کےلیے مذاکرات پر متفق ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران ڈیل کا خواہش مند ہے، جو ہمیں قبول ہوگی ہم وہ ڈیل کریں گے۔ امریکا ایک حقیقی معاہدہ چاہتا ہے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اظہار کیا کہ ایران نصف صدی سے زیادہ عرصے سے امریکا کے ساتھ منصفانہ اور سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار نہیں رہا۔
امریکی صدر نے امریکا میں پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو پیش رفت قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قیمتوں میں جلد مزید نمایاں کمی آئے گی۔
تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا وقت اس بات پر بھی منحصر ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ معاملات کو کس طرح طے کرتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرا دورہ چین بہت اچھا رہا، روس کے صدر اور چین کے صدر سے بات چیت تعمیری رہی، ایشیا کے دورے کے دوران بہترین تجارتی معاہدے کیے۔
پریس بریفنگ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کی جانب سے تحفے میں دیے گئے اس طیارے کا بھی ذکر کیا جسے صدارتی طیارے ایئر فورس ون کے طور پر استعمال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ طیارہ بغیر ایندھن بھروائے طویل پرواز کرسکتا ہے اور امریکی صدر کی تاریخ کی طویل ترین پرواز کے سابقہ ریکارڈ سے تقریباً 4 گھنٹے کم وقت میں سفر مکمل کیا۔
امریکی صدر کے مطابق پرواز تقریباً ساڑھے 14 گھنٹے جاری رہی، جبکہ اس روٹ پر عموماً ایندھن بھرنے کے لیے رکنے سمیت تقریباً 20 گھنٹے لگتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ نیا طیارہ پرانے طیاروں کے مقابلے میں بہتر ہے، چین اور روس بھی اس سے بہت متاثر ہوئے جبکہ وہ خود بھی اس کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
دورے کے دوران تجارتی مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے 4 روز میں 20 سے زائد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، 2 نئے تجارتی معاہدے طے کیے جبکہ تقریباً 10 مزید معاہدے جلد ہونے کی توقع ہے۔
ان کے مطابق اس دوران 4 اہم بین الاقوامی سربراہی اجلاسوں میں شرکت کی، خطے میں امریکا کے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کی دوبارہ توثیق کی اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پیش رفت کی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا نے یہ دورہ غیر معمولی اقتصادی اور سفارتی طاقت کی پوزیشن سے شروع کیا تھا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہم امریکی کمپنیوں کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ امریکا سے باہر ڈیٹا سینٹرز بنائیں، اگر امریکی کمپنیوں نے بیرون ممالک ڈیٹا سینٹرز بنائیں تو ان پر بھاری ٹیکسز عائد کریں گے۔