پاکستان اور عمان کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پاگیا۔ معاہدے کے تحت اوکیو ٹریڈنگ پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کیلئے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت فراہم کرے گی۔
پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مسقط میں اپنےعمانی ہم منصب انجینئر سالم العوفی سے ملاقات کی۔ دونوں وزراء کی معاہدے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ معاہدے کے تحت اوکیو ٹریڈنگ پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کیلئے دو سو ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت فراہم کرے گی،پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کیلئے باقاعدہ تجارتی فریم ورک قائم ہوگا۔
معاہدے کو پاکستان کی توانائی سیکیورٹی اور پیٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع کیلئے اہم پیشرفت قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان اور عمان نے تیل، گیس اورمعدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا،آئل اینڈ گیس کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا۔
دونوں وزراء نے مشترکہ ورکنگ گروپ کے ذریعے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ اوکیو ٹریڈنگ نے 2026 میں پی ایس او کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پیٹرول فراہم کیا،رواں سال کے اختتام تک پاکستان کو ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے زائد پیٹرول کی فراہمی متوقع ہے