1000004789

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان نے بنگلادیش کی جانب سے دیا گیا 138 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنرز عثمان خان اور حیات خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 123 رنز کی فیصلہ کن شراکت قائم کی۔

حیات خان نے اپنے پہلے ایشیا کپ میچ میں 72 گیندوں پر 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ عثمان خان 52 گیندوں پر 54 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، انہوں نے عبدالقادر کے ساتھ مل کر ٹیم کو 22ویں اوور میں فتح دلا دی۔

اس سے قبل پاکستان کے بولرز نے بنگلا دیش کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا۔ رضوان اللّٰہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 30 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام بولرز نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ کھلاڑیوں کو پیغام ہے کہ اپنا فطری کھیل پیش کریں، سو فیصد کارکردگی دکھائیں اور نتیجے کی فکر نہ کریں۔

دوسری جانب بنگلادیش کے کپتان فرید حسن نے شکست کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی ٹیم کا دن نہیں تھا، پاکستان کے بولرز نے ابتدائی نمی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین بولنگ کی۔

پاکستان اب ایشیا کپ کے فائنل میں ٹائٹل کے لیے میدان میں اترے گا، جہاں اس کا مقابلہ بھارت اور افغانستان کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

متعلقہ ٹیگز:#Sports