زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر انسان پر یہ حقیقت منکشف ہوتی ہے کہ عقل، فہم اور پختگی کا سفر اتنا آسان نہیں ہوتا۔۔ "بہت سمجھدار ہونے کیلئے بہت اکیلا ہونا پڑتا ہے۔" بظاہر یہ جملہ ایک سطر پر مشتمل ہے، لیکن اپنے اندر انسانی نفسیات، تجربات اور درد کی ایک پوری داستان سموئے ہوئے ہے۔۔
شورِ دنیا سے فرار اور اندرونی آواز۔۔۔
ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں ہر طرف شور، بھیڑ بھاڑ اور میل جول کی بہتات ہے۔۔ لیکن جب انسان کو سچی سمجھ بوجھ حاصل کرنی ہو، تو اسے اس شور سے باہر نکلنا پڑتا ہے۔۔ بھیڑ میں رہ کر انسان ہمیشہ وہی کہتا اور سنتا ہے، جو باقی سب کہتے یا سنتے ہیں۔۔ حقیقی فکری پختگی اور شعور اس وقت بیدار ہوتا ہے جب انسان دنیا کے ہنگاموں سے کٹ کر اپنے ساتھ وقت گزارتا ہے۔۔ تنہائی انسان کو اپنے اندر جھانکنے کا موقع دیتی ہے، جہاں وہ اپنی کمزوریوں، غلطیوں اور کائنات کی حقیقتوں کا گہرائی سے ادراک کرتا ہے۔۔
تلخ حقائق کا سامنا۔۔
سمجھداری صرف کتابی علم کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ زندگی کے نشیب و فراز، دھوکے، اپنوں کی بے رخی اور حالات کی سختیوں سے سیکھی جاتی ہے۔۔ جب انسان اکیلا ہوتا ہے، تو وہ دنیا کے نقاب اترتے دیکھتا ہے۔۔ وہ رشتوں کی حقیقت، مفادات کے کھینچ تان اور وقت کے بدلتے رنگوں کو قریب سے محسوس کرتا ہے۔۔ یہ تنہائی ہی ہے جو انسان کو جذباتی طور پر مضبوط بناتی ہے، لیکن اس مضبوطی کی قیمت اسے اکیلے پن کی صورت میں چکانا پڑتی ہے۔۔
خاموشی: فکری بلوغت کا پہلا زینہ۔۔۔
نادان لوگ ہر بات پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں، بحث کرتے ہیں اور اپنی انا کی تسکین چاہتے ہیں۔۔ اس کے برعکس، ایک سمجھدار انسان خاموشی اختیار کرنا سیکھ جاتا ہے، وہ یہ جان جاتا ہے کہ ہر بات پر بحث کرنا وقت کا ضیاع ہے۔۔ یہ خاموشی اور سکون صرف تنہائی کے دامن میں ہی ملتا ہے، جب انسان اکیلا رہتا ہے تو اس کی روح کو سکون ملتا ہے، خیالات کو ترتیب ملتی ہے اور وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر پریشان ہونا چھوڑ دیتا ہے۔۔
سمجھداری اور اس کی قیمت۔۔۔
تنہائی شروع میں بہت کٹھن اور تکلیف دہ معلوم ہوتی ہے۔۔ اپنوں کا ہجوم چھوڑ کر اپنے آپ سے ملاقات کرنا آسان نہیں ہوتا۔۔ لیکن جب انسان اس مرحلے سے گزر جاتا ہے، تو وہ پہلے جیسا نہیں رہتا۔۔ وہ معاملات کو سطحی طور پر دیکھنے کے بجائے انکی تہہ تک جانا سیکھ جاتا ہے۔۔ وہ لوگوں کی نیتوں کو سمجھنے لگتا ہے اور چھوٹی موٹی باتوں سے بالاتر ہو جاتا ہے۔۔
یہ قول ہمیں یاد دلاتا ہے کہ زندگی میں اگر آپ گہرائی، بصیرت اور پختگی چاہتے ہیں، تو تنہائی سے گھبرائیے مت۔۔ اکیلا پن سزا نہیں بلکہ ایک ایسا مدرسہ ہے جہاں انسان کائنات اور اپنی ذات کے ان گنت رازوں سے آشنا ہوتا ہے۔۔ بے شک، دنیا کو اسکی اصل شکل میں دیکھنے کیلئے کچھ دیر تنہائی کے سائے میں بیٹھنا ہی پڑتا ہے۔۔
جیتے رہیں خوش رہیں ہمیشہ 🤲