ناجائز پستول سے گولی نہ ہونے کے یقین پر ربیعہ پر مذاقاً فائر کیا : ملزم احسن طاہر

نجی ٹی وی چینل کی اینکر ربیعہ احسن کے مبینہ قتل کیس کی تحقیقات میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم احسن طاہر کے موبائل کا ابتدائی تجزیہ مکمل کرلیا گیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اور مقتولہ کے درمیان چیٹ کا مکمل ڈیٹا حاصل کرلیا گیا، میاں بیوی کے درمیان چیٹ میں لڑائی جھگڑے کا عنصر سامنے نہیں آیا۔

ملزم نے بتایا کہ 6 ماہ قبل غیر قانونی پستول دوست سے لی تھی، پستول اور میگزین الگ الگ جگہ رکھے تھے، پستول سے میگزین نکالتے ہوئے ممکنہ طور پر ایک گولی چیمبر میں رہ گئی تھی۔

ملزم کا کہنا ہے کہ الماری سے کپڑے نکالتے وقت پستول نکلا جس میں میگزین نہیں تھی، پستول میں میگزین نہ ہونے پر لگا اس میں گولی نہیں ہے۔

احسن طاہر نے کہا کہ گولی نہ ہونے کے یقین سے ربیعہ کی جانب نشانہ لگا کر مذاق میں ٹریگر دبا دیا، گولی لگنے کے بعد ربیعہ زمین پر گری اور خون نکل آیا

ملزم کے مطابق پریشانی کی حالت میں ریسکیو 1122 کو کال کی، ریسکیو اہلکاروں نے ربیعہ کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے بیان اور وقوعہ کی تفصیلات کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھا رہے ہیں

متعلقہ ٹیگز:#Crime