1000303006

برطانوی شاہ چارلس کی سابقہ اہلیہ شہزادی ڈیانا سے متعلق سابق شاہی فوٹوگرافر آرتھر ایڈورڈز نے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان اختلافات کے باوجود شاہ چارلس کے دل میں ڈیانا کے لیے احترام اور محبت موجود تھی۔

ایک انٹرویو میں آرتھر ایڈورڈز نے بتایا کہ 1992ء میں علیحدگی کے باوجود شاہ چارلس نے اپنے دوستوں کو سختی سے ہدایت کر رکھی تھی کہ کوئی بھی شہزادی ڈیانا کے بارے میں نامناسب بات نہ کرے، بصورت دیگر وہ ان کی دوستی سے محروم ہو سکتا ہے۔سابق شاہی فوٹوگرافر کے مطابق انہوں نے شاہی جوڑے کے ساتھ آسٹریلیا کا پانچ ہفتوں پر مشتمل دورہ کیا تھا، جس کے دوران دونوں ایک دوسرے کے قریب اور محبت میں گھرے دکھائی دیتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کی دلچسپیاں مختلف تھیں۔ ڈیانا کو شاپنگ کا شوق تھا جبکہ شاہ چارلس شکار پسند کرتے تھے، جس کے باعث دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے۔آرتھر ایڈورڈز نے مزید بتایا کہ شاہ چارلس کے ایک دوست نے انہیں بتایا تھا کہ کئی لوگ شہزادی ڈیانا کے خلاف باتیں کرنا چاہتے تھے، تاہم شاہ چارلس نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا، کیونکہ ڈیانا ان کے بچوں کی ماں تھیں۔

واضح رہے کہ شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997ء کو پیرس میں ایک ٹریفک حادثے کے دوران جان کی بازی ہار گئی تھیں۔

متعلقہ ٹیگز:#World