فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2027 کے تحریری امتحان میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
ایف پی ایس سی کے مطابق درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 25 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ تحریری امتحان میں صرف وہ امیدوار شرکت کے اہل ہوں گے جنہوں نے ایم پی ٹی 2027 کامیابی سے پاس کیا ہوگا۔اعلامیے کے مطابق سی ایس ایس 2027 کا تحریری امتحان 27 جنوری 2027 سے ملک کے 19 شہروں میں شروع ہوگا۔
امیدواروں کے لیے آن لائن درخواست کی دستخط شدہ ہارڈ کاپی اور مطلوبہ دستاویزات 4 دسمبر 2026 تک جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اہلیت کے معیار کے تحت امیدوار کے لیے کم از کم سیکنڈ ڈویژن بیچلر ڈگری اور عمر کی حد 21 سے 30 سال مقرر کی گئی ہے۔ عمر کا تعین 31 دسمبر 2026 کو کیا جائے گا، جبکہ قواعد کے مطابق اہل امیدواروں کو عمر میں دو سال کی رعایت بھی حاصل ہوگی۔