بال ٹیمپرنگ کے مشہور کیپ ٹاؤن ٹیسٹ اسکینڈل پر سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کے انکشافات کے بعد ڈیوڈ وارنر بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے خواجہ کے مؤقف کی بھرپور حمایت کر دی۔
ڈیوڈ وارنر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس معاملے پر بات کیے کئی سال گزر چکے ہیں، وہ عثمان خواجہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہوں نے جو کچھ بیان کیا ہے وہ سو فیصد درست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عثمان خواجہ نے آگے آکر وہ حقائق سامنے رکھ دیے ہیں جن کے بارے میں لوگ جاننا چاہتے تھے۔
وارنر نے عثمان خواجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس دن پیش آنے والے واقعات کی ایک ایک تفصیل بیان کی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عثمان خواجہ کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ موجود تھے، لیکن ان کا انٹرویو نہیں کیا گیا، یہ کیسی تحقیقات تھیں؟سابق آسٹریلوی اوپنر کا کہنا تھا کہ اس معاملے کا مقصد کسی پر انگلی اٹھانا یا پرانے زخم تازہ کرنا نہیں بلکہ احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ ضروری ہے کہ حقائق کی درست انداز میں جانچ پڑتال کی جائے اور تحقیقات کے ذمہ داروں سے بھی جواب طلب کیا جائے۔ ڈیوڈ وارنر نے مزید کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران میڈیا میں متعدد ایسی خبریں سامنے آئیں جو درست نہیں تھیں، جبکہ بہت سے لوگ خاموش رہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے وہ اپنی بیٹیوں سے بھی اس معاملے پر بات کر رہے تھے تاکہ انہیں اصل واقعات سے آگاہ کر سکیں۔وارنر کے مطابق یہ ان کے ساتھ ساتھ کیمرون بینکرافٹ اور اسٹیو اسمتھ کے خاندانوں کے لیے بھی مشکل وقت ہے، تاہم سچائی سامنے آنا ضروری تھا۔
واضح رہے کہ 2018ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے پر کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے سزائیں دی تھیں۔ حال ہی میں عثمان خواجہ نے اپنی سوانح عمری میں اس واقعے سے متعلق نئے انکشافات کیے تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی اس معاملے سے آگاہ تھے۔