نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے سائبر ہراسانی، بلیک میلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فرقان رزاق کے نام سے ہوئی ہے، جس پر اپنی حقیقی بہن کو نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل اور ہراساں کرنے کا الزام ہے۔
ترجمان کے مطابق درخواست گزار خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کے بھائی نے دھمکی دی تھی کہ اگر خاندانی جائیداد اس کے نام منتقل نہ کی گئی اور 25 لاکھ روپے ادا نہ کیے گئے تو وہ اس کی نجی تصاویر اور ویڈیوز شوہر، سسرالیوں اور دیگر رشتے داروں میں پھیلا دے گا۔
خاتون کے مطابق ملزم نے اس کی دیگر تین بہنوں سمیت ان سے اسٹامپ پیپرز پر دستخط اور انگوٹھے بھی لگوا لیے تھے۔ تاہم ہراسانی بند کرنے کی یقین دہانی کے باوجود ملزم نے دوبارہ بلیک میلنگ شروع کر دی۔
این سی سی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے موبائل فون سے قابل اعتراض ویڈیوز بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔