اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو قومی احتساب بیورو (نیب) کے پرائیویٹ کمپنی سے ملازمین کی خدمات لینے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
عدالت عالیہ اسلام آباد نے ایاز محمد طاہر کی درخواست پر سماعت کی اور نیب کو نوٹس جاری کرکے معاملے پر جواب طلب کیا ہے
جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ نیب جیسے حساس ادارے میں پرائیویٹ لوگ بھرتی کیے جارہے ہیں، نیب کے پاس حساس معلومات ہوتی ہیں، بتایا جائے کہ پرائیویٹ لوگ کیسے کام کرسکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ پہلے نیب خود کے ساتھ انصاف کرے گا تو پھر عوام کے ساتھ انصاف ہوگا، ایک پرائیویٹ کمپنی سے کنٹریکٹرز کو نیب نے اٹھالیا۔
وکیل درخواست گزار ضمیر لغاری نے کہا کہ پہلے انہوں نے کنٹریکٹ پر بھرتیاں کیں، سروسز لیتے رہے، ریگولرائز نہیں کیا، اب پرائیویٹ کمپنی سے کنٹریکٹ پر سروسز لے رہے ہیں۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ ہم نیب کو بلاکر پوچھ لیتے ہیں کہ یہ سب کچھ کیوں کررہے ہیں۔