1000004765

​زندگی کے سفر میں کچھ مناظر ایسے ہوتے ہیں، جو الفاظ سے زیادہ خاموشی سے بہت کچھ کہہ جاتے ہیں۔۔ اور ایسے مناظر اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہر عروج کو زوال ہے اور ہر موسم کو ایک دن رخصت ہونا ہے۔۔

​"کچھ چیزیں ختم ہوجائیں تو انہیں نئے سرے سے شروع کرنے کی دوبارہ ضد نہیں کرنی چاہیے، چاہے تعلقات ہی کیوں نہ ہوں"،

یہ زندگی کا ایک ایسا تلخ سچ اور حقیقت ہے، جسے تسلیم کئے بغیر کوئی چارہ نہیں۔۔

​حقیقتِ زوال اور تعلقات کی عمر۔۔۔

​انسان کی فطرت میں بضد ہونا شامل ہے۔۔ جب ہماری زندگی میں کوئی چیز، کوئی مقام یا کوئی رشتہ ختم ہونے لگتا ہے، تو ہم اس کی آخری سانسوں تک اسے تھامے رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔۔ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ کچھ وابستگیاں ایک خاص وقت اور مدت کیلئے ہوتی ہیں۔۔ جب موسم بدلتا ہے تو شاخوں سے پتے خود بخود گر جاتے ہیں، انہیں زبردستی جوڑا نہیں جا سکتا۔۔ بالکل اسی طرح، جب تعلقات اپنی افادیت اور مخلصانہ روح کھو بیٹھیں، تو انہیں زبردستی مصنوعی سہارے دے کر نبھانے یا قائم رکھنے کی ضد کرنا روح کو زخمی کرنے کے مترادف ہے۔۔

راستوں کا بچھڑنا اور تنہائی کا آغاز۔۔۔

​سفرِ حیات میں ہمیشہ ایک جیسی راہیں نہیں رہتیں۔ جب ساتھی قدم روک لیں یا راستے جدا ہو جائیں، تو پرانی سمتوں پر روتے رہنے کے بجائے نعم البدل راستے تلاش کرنے چاہئیں۔۔ اور اگر وقت ایسا آجائے کہ کوئی نیا راستہ یا ہمسفر میسر نہ ہو، تو کسی بے مہر رشتے میں گھٹنے کے مقابلے میں اپنی ذات کے ساتھ تنہا رہنا ہزار درجے بہتر ہے۔۔ تنہائی انسان کی تضادات سے بھری دنیا کو سلجھاتی ہے اور اسے خوددار بناتی ہے۔۔

​جذبات کی بے بسی اور وقت کا قانون۔۔۔

​راستے بدل جائیں تو نعم البدل راستے ڈھونڈ لینے میں کوئی قباحت نہیں، اور نہ ملیں تو تنہا رہنا چاہیے____۔

​دل بدل جائیں تو انہیں دلیلوں، یادوں یا چاہتوں کے واسطے دے کر واپس نہیں موڑنا چاہئیے۔۔ دل گھڑی کی سوئیاں نہیں کہ ٹائم سیٹ کرنے کیلئے ہم آگے پیچھے لے جائیں۔۔

دل بدلنے میں اور دلوں سے اترنے میں وقت نہیں لگتا۔۔ ​یہ اس بات کی دلیل ہے کہ جذبات مکینیکل نہیں ہوتے۔۔ دل کا رشتہ جب اندر سے ٹوٹ جائے یا احساس ختم ہو جائے، تو پرانی یادوں کا واسطہ دینا، دلیلیں تراشنا یا شکوے کرنا بے سود ہوتا ہے۔۔ وقت کا پہیہ پیچھے نہیں گھمایا جا سکتا اور نہ ہی دل کی سوئیوں کو زبردستی کسی کی مرضی کے مطابق سیٹ کیا جا سکتا ہے۔۔ جب کوئی انسان دل سے اتر جائے تو فاصلے مٹائے نہیں جاسکتے۔۔

زندگی میں کچھ چیزوں کا انجام ہی انکا مقدر ہوتا ہے۔۔ ہار مان لینا یا کسی ٹوٹے ہوئے رشتے کو دفن کر کے آگے بڑھ جانا کمزوری نہیں، بلکہ بالغ نظری ہے۔۔

خزاں کے بعد ہی بہار کا نیا باب کھلتا ہے، اس لئے پرانی راہیں چھوڑ کر نئے سفر پر نکلنا ہی کامیابی اور حقیقی سکون کا ضامن ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Articles