1000004717

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی خصوصی سہولت متعارف کروا دی۔

نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے غیر رجسٹرڈ خواتین کو 31 دسمبر 2026 تک پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی خصوصی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، 18 سال سے زائد عمر کی جو خواتین پیدائش سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے باعث شناختی کارڈ نہیں بنوا سکیں وہ چند دیگر شرائط پوری کرنے پر اس رعایت سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جن شادی شدہ خواتین کے پاس یونین کونسل سے جاری شدہ کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ موجود ہے اور والد یا والدہ میں سے کسی ایک اور شوہر کا شناختی کارڈ یا نائکوپ بنا ہوا ہے تو وہ نکاح نامہ اور بائیومیٹرک تصدیق کیلیے شناختی کارڈ کے حامل والد یا والدہ میں سے کسی ایک اور شوہر کے ہمراہ نادرا مرکز تشریف لائیں۔ اگر والد، والدہ یا شوہر فوت ہو چکے ہیں لیکن ان کا ریکارڈ نادرا میں موجود ہے تو نادرا دفتر میں چند سوالات کے تسلی بخش جواب دینے پر درخواست جمع کر لی جائے گی۔ نادرا کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کیلیے شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔

مردوں کیلیے بھی خصوصی سہولت

نادرا کا کہنا ہے کہ 24 سال سے زائد عمر کے جن مردوں نے ابھی تک شناختی کارڈ نہیں بنوایا اور ان کے والد یا والدہ اور کسی ایک بہن یا بھائی کا شناختی کارڈ یا نائکوپ بنا ہوا ہے تو وہ شناختی کارڈ کے حامل والد یا والدہ کے ہمراہ تشریف لائیں، اگر والدین فوت ہو چکے ہیں تو شناختی کارڈ کے حامل بھائی یا بہن کے ہمراہ نادرا دفتر تشریف لائیں۔

بیان میں نادرا نے واضح کیا کہ شناختی کارڈ پر آپ کی طرف سے دیے گئے کوائف کے مطابق والدین کی تفصیلات، درخواست دہندہ کی تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش کا اندراج کیا جائے گا اور اس میں تاحیات تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan