1000305161

پشاور کے علاقے متنی میں سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی،فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کےمطابق سی ٹی ڈی سوات اور سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متنی میں پاسانی روڈ ادیزی خوڑ کےمقام پر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی موجودگی پر گھات لگائی، اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کی اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان کےمطابق ہلاک دہشتگرد سرکاری تنصیبات پر حملوں اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی سازش کررہے تھے،کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف،ایک پستول، تین ہینڈ گرینیڈ، پانچ میگزین اور شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔

سی ٹی ڈی کےمطابق دہشت گردوں کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے،جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

متعلقہ ٹیگز:#Crime