برطانوی شاہی خاندان میں پرنس ہیری اور پرنس ولیم کے اختلافات کرسمس کے موقع پر بھی برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو شاہی خاندان سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق شاہی امور کے مصنف رابرٹ جابسن کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں اور نہ ہی اپنے چھوٹے بھائی سے ملنے کے خواہاں ہیں، شاہی خاندان اور ہیری کے درمیان اعتماد کا بھی فقدان ہے، ہیری اور میگھن کی کرسمس شاہی خاندان کے ساتھ منانے کی توقع بھی نہیں۔
دوسری جانب میگھن مارکل والد سے متعلق مشکلات کے باعث اس سال کرسمس شوہر، بچوں اور والدہ کے ساتھ سادگی اور سکون سے گزارنا چاہتی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل کے ایک قریبی ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادہ ولیم کے ٹیلی وژن انٹرویو کو ملنے والی توجہ کے بعد میگھن نے اپنے شوہر ہیری کو بھی برطانوی ٹیلی وژن پر آنے کی ترغیب دی ہے جس کے بعد ہیری نے ایک برطانوی پروگرام میں شرکت کر کے خاندانی روایات اور بچوں کی زندگی سے متعلق گفتگو کی۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن 2020ء میں شاہی ذمے داریاں چھوڑ کر امریکا منتقل ہو گئے تھے جہاں انہوں نے شاہی خاندان پر نسلی امتیاز کے الزامات بھی عائد کیے تھے