وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ 10 ارب کی کرپشن کی خبریں بے بنیاد ہیں، سرکار کا ایک روپیہ بھی نقصان نہیں ہوا۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ویکسین کی تیاری اور خریداری کے معاملے پر تمام حقائق میڈیا کے سامنے رکھ دیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ویکسین اسکینڈل میں 10 ارب روپے کی کرپشن کی تمام خبریں قطعی بے بنیاد ہیں اور اس پورے عمل میں سرکار کا ایک روپیہ بھی نقصان نہیں ہوا۔
وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ویکسین کی تیاری کا معاملہ زیرِ بحث ہے، اور ضروری سمجھا کہ حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز نے 10 جون کو اپنی پروکیورمنٹ کمیٹی بنائی تھی، جو کہ قوانین کی مکمل خلاف ورزی تھی۔انہوں نے نشاندہی کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پیپرا رولز اپلائی کرنا غلط تھا، اور بی ایچ ایس نے وزارتِ صحت کو لاعلم رکھ کر یہ پروکیورمنٹ کی، جس کے بعد ایک کمپنی نے عدالت سے بھی رجوع کیا۔میڈیا رپورٹس کے بعد وزیراعظم نے ایک اعلیٰ اختیاراتی انکوائری کمیٹی تشکیل دی، جس نے بارڈر ہیلتھ سروسز کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے فائنڈنگ دی کہ افسران نے وزارت کو بتائے بغیر خریداری کی۔ مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا کہ وزیراعظم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کو مکمل طور پر پبلک کیا جا رہا ہے اور اسے وزارتِ صحت کی ویب سائٹ پر بھی شائع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی مقامی تیاری سے درآمدات پر انحصار کم ہوتا۔ اس پورے عمل میں سرکار کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، البتہ ویکسین کی مد میں 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے چارج کیے گئے جو کہ اس وقت نادرا کے اکاؤنٹ میں محفوظ ہیں۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ 10 ارب روپے کی کوئی ویکسین نہیں خریدی گئی اور نہ ہی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں کہیں 10 ارب کا ذکر موجود ہے۔ ایف آئی اے کی گرفتاریوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزارتِ صحت نے اس میں کوئی مداخلت نہیں کی۔ پریس کانفرنس کے دوران سیاسی امور پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ نئے صوبوں کی حمایت کے مؤقف سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے، چاہے کچھ بھی کر لیا جائے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ایسے ہتھکنڈوں سے انہیں ڈرا دیا جائے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ہوتے ہوئے نہ تو پارٹی کمزور ہوگی اور نہ ہی میں خاموش بیٹھوں گا۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ایک منظم قسم کی مہم چلائی جا رہی ہے، لیکن میرا دشمن بھی جانتا ہے کہ مصطفیٰ کمال بددیانت نہیں ہے۔ انہوں نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں کون سا ایسا محکمہ ہے جہاں کرپشن نہیں ہو رہی اور کون سا ادارہ ہے جو رشوت نہیں لے رہا؟ جب وہ وزارت میں آئے تو انہیں معلوم ہوا کہ 8 لاکھ ڈالر کی مچھردانیاں چوری ہو گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے تو بڑے بڑے عہدوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مواقع بھی ملے تھے لیکن میں نے کبھی ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے عزم دہرایا کہ وہ اپنی جماعت ایم کیو ایم کو مضبوط بنانا بھی نہیں چھوڑیں گے اور نئے صوبے بنانے کی بات بدستور کرتے رہیں گے۔