آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے پہلے حکومت نے شوگر سیکٹر میں بڑی اصلاحات کا فیصلہ کرلیا۔ تمام صوبوں کے مکمل اتفاق رائے سے وفاقی کابینہ نے شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دے دی۔ چینی کے شعبے کو حکومتی کنٹرول سے نکال کرمسابقتی و مارکیٹ بیسڈ نظام کی جانب منتقل کیا جائے گا۔ گنے کے کاشتکاروں کو اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کی آزادی ہوگی۔ چینی کی برآمد پر سبسڈی بھی ختم کر دی جائےگی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے پہلے وفاقی کابینہ نے شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دے دی۔ سندھ، پنجاب سمیت تمام صوبوں نے بھی پالیسی پر عملدرآمد کے لیے اتفاق کرلیا۔ نئی پالیسی کے تحت شوگر سیکٹر کو حکومتی کنٹرول سے نکال کر مسابقتی اور مارکیٹ بیسڈ نظام کی طرف منتقل کیا جائے گا۔
پالیسی کا بنیادی مقصد غیر ضروری ریگولیٹری پابندیاں ختم کرکے کاشتکاروں، ملز مالکان اور تاجروں کے لیے کاروباری مواقع بڑھانا ہے۔ اب گنے کے کاشتکار اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرسکیں گے جبکہ گنے کی قیمت کا تعین مارکیٹ میکنزم کے تحت ہوگا۔
شوگر ملوں کے قیام اور پیداواری صلاحیت سے متعلق پابندیاں بھی ختم کی جائیں گی۔ ملیں مارکیٹ کی طلب کے مطابق پیداوار کا فیصلہ کرسکیں گی۔ چینی کی درآمد اور برآمد کے لیے شفاف اور قابل پیش گوئی طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا جبکہ برآمد پر سرکاری سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں چینی کی بین الصوبائی نقل و حرکت آسان بنائی جائے گی اور آزادانہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
اصلاحاتی پالیسی میں کاشتکاروں اور شوگر ملوں کے لیے قرضوں تک رسائی آسان بنانے، زرعی مشینری کے استعمال کو فروغ دینے اور ایتھنول بلینڈنگ لازمی قرار دینے کے لیے اقدامات بھی شامل ہیں۔ شفاف قیمتوں کے تعین اور مارکیٹ میکنزم کو مضبوط بنانے کے لیے کموڈیٹی مارکیٹس کی ترقی پر بھی کام کیا جائے گا۔