سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر 15 دسمبر تک ریفرنڈم ہو جائے گا، پھر آئینی ترمیم ہوگی۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ ریفرنڈم کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں، نئے صوبوں کا قیام پی ٹی آئی کے منشور میں شامل ہے، عمران خان اور ان کی جماعت نئے صوبوں کے حق میں ہیں۔
فواد چوہدری نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عمران خان نے کل وکلا سے ملاقات میں بھی نئے صوبوں کی بات پر اتفاق کیا ہے
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے سالک حسین پر بیجا تنقید کی، دراصل سالک بہانہ اور محسن نقوی نشانہ ہیں، سالک حسین نے خود کہا کہ وہ نہ (ن) لیگ کے کہنے پر حکومت میں شامل ہوئے اور نہ ان کے کہنے پر الگ ہوں گے، پنجاب حکومت میں لوگ نہ مریم نواز کی مرضی سے شامل ہوتے ہیں اور نہ ان کی مرضی سے الگ ہوں گے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی مخالفت کی وجہ سے موجودہ سیٹ اپ بنایا گیا، پاکستان میں رواج ہے کہ سیٹ اپ 3، 4 سال ہی چلتا ہے، لیکن اب یہ سسٹم ٹوٹ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی میں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ مہمان ہیں، صوبے میں سب سے بڑی جماعت پی ٹی آئی اور پھر جے یو آئی (ف) ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی لیڈر ہی نہیں بلکہ مذہبی لیڈر بھی ہیں، انہوں نے کچھ باتیں ایسی کیں جن سے احتیاط کرنی چاہیے، پاکستان میں بات چیت کا ماحول بنانا ہے تاکہ سسٹم بحال ہو سکے