1000304036

لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت اور ڈی این اے ٹیسٹ سے متعلق اہم فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالت کی اجازت کے بغیر بچے کا خفیہ ڈی این اے ٹیسٹ کرانا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ شادی کےدوران پیدا ہونے والے بچے کی ولدیت محض نجی ڈی این اے رپورٹ سےختم نہیں کی جاسکتی۔

جسٹس اسد علی باجوہ نے اسامہ طاہر اور دیگر کی درخواست خارج کر دی، قرار دیا کہ شادی کےدوران پیدا ہونےوالےبچےکی ولدیت محض نجی ڈی این اے رپورٹ سے ختم نہیں کی جاسکتی، یکطرفہ طور پر کرایا گیا نجی ڈی این اے ٹیسٹ قانونی طور پر بچے کی ولدیت کا حتمی ثبوت نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت سے انکار کے لیے برطانیہ کی نجی لیبارٹری کی ڈی این اے رپورٹ مسترد کردی، قرار دیا کہ عدالت کی اجازت کے بغیر بچے کا خفیہ ڈی این اے ٹیسٹ کرانا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ ماں کی رضامندی کے بغیر بچے کے جسمانی نمونے لے کر ڈی این اے ٹیسٹ کرانا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ڈی این اے کے مطابق یہ میرا بچہ نہیں اس لیے خرچہ لاگو نہیں کیا جاسکتا، لاہور ہائیکورٹ نے فیملی کورٹ اور ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ کے فیصلوں کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔

فیصلے کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے معاملے میں بچے کی عزتِ نفس، رازداری اور ذہنی و جذباتی تحفظ مقدم ہے، ڈی این اے ٹیسٹ محض سائنسی سہولت یا فریقین کی خواہش پر نہیں کرایا جا سکتا، بچے کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے سے پہلے اس کے بہترین مفاد اور بنیادی حقوق کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

فیصلے کے مطابق آئین کا آرٹیکل 14 انسانی عزت و وقار اور نجی زندگی کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، درست نکاح کے دوران 6 قمری ماہ سے زائد مدت میں پیدا ہونے والا بچہ شوہر کی قانونی اولاد تصور ہوگا، بچے کی ولدیت کو چیلنج کرنے کے لیے والد کو پیدائش کے بعد 40 روز کے اندر اقدام کرنا ہوگا۔

لاہور ہائیکورٹ نے نابالغ بچے کا ماہانہ نان و نفقہ 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا، بچے کے نان و نفقہ میں خوراک، لباس، رہائش، تعلیم اور علاج معالجے کے اخراجات شامل ہیں، بچے کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی نشوونما کے اخراجات بھی نان و نفقہ کا حصہ ہیں۔ بیوی کے جہیز کے سامان کی متبادل قیمت 9 لاکھ 70 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ بھی برقرار رکھا گیا۔

متعلقہ ٹیگز:#Crime