1000304038

پنجاب حکومت نے مقدمات سے بری، ڈسچارج یا خارج ہونے والے شہریوں کو پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے قانونی طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں پولیس آرڈر (ترمیمی) ایکٹ 2026 کا بل قائمہ کمیٹی برائے قانون کو موصول ہوگیا ہے۔

پنجاب پولیس آرڈر 2002 میں ترمیم کا بل گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ بل کے متن کے مطابق مقدمے سے بری ہونے والے شہریوں کو پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ مقدمے کے اندراج کے بغیر جاری کیا جائے گا، تاکہ انہیں ملازمت، ویزا اور امیگریشن کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مجوزہ قانون کے مطابق بریت، ڈسچارج یا مقدمہ خارج ہونے کے باوجود پولیس سرٹیفکیٹ پر مقدمے کا اندراج شہریوں کے لیے ملازمت اور بیرون ملک سفر میں رکاوٹ بنتا ہے، جس کے تدارک کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے۔

بل میں تجویز دی گئی ہے کہ پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے درخواست متعلقہ ضلع کے سربراہ پولیس افسر کو جمع کرانا ہوگی۔ کسی مجرمانہ ریکارڈ کی عدم موجودگی میں درخواست گزار کو تین روز کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرنا لازم ہوگا۔

مقدمے سے بری ہونے والے شہری کو درخواست کے ساتھ متعلقہ عدالتی احکامات کی مصدقہ نقول جمع کرانا ہوں گی۔ عدالتی احکامات کی تصدیق کے بعد 15 روز کے اندر پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکے گا۔

بل کے مطابق بریت یا مقدمہ خارج ہونے کی صورت میں سرٹیفکیٹ جاری کرتے وقت متعلقہ فوجداری مقدمے کا ریکارڈ ظاہر نہیں کیا جائے گا، تاہم عادی مجرم قرار دیے گئے شخص کی حیثیت سرٹیفکیٹ میں درج ہوگی۔

مجوزہ قانون میں پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کی صورت میں ضلعی پولیس سربراہ کو وجوہات پر مشتمل تحریری حکم جاری کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ متاثرہ شہری اس فیصلے کے خلاف 14 روز کے اندر اپیل دائر کر سکے گا۔

اپیل پر مجاز افسر متاثرہ شہری کو سماعت کا موقع دینے کے بعد 30 روز کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔

بل کے تحت صوبائی پولیس افسر کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ ان مقدمات کی درجہ بندی کرے جن کا ریکارڈ پولیس سرٹیفکیٹ میں ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سرٹیفکیٹ کے اجرا کا طریقہ کار اور اپیلوں کی سماعت کرنے والے مجاز افسر کا تعین بھی صوبائی پولیس افسر کرے گا۔

متعلقہ ٹیگز:#Crime