مسلم لیگ نواز کے رہنما اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس عمران خان کیلئے نہ کوئی ڈیل ہے نہ ڈھیل۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی معائنے کی سہولت حاصل ہے اور حکومت ان کے علاج معالجے کے معاملے میں پہلے بھی غافل نہیں تھی اور آئندہ بھی کوئی غفلت نہیں برتی جائے گی۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ سلمان صفدر ایک وکیل ہیں، تاہم وہ میڈیا سے گفتگو کے دوران میڈیکل سپیشلسٹ کا کردار ادا کر رہے تھے، سلمان صفدر نے بھی اعتراف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی معائنے کی سہولت میسر ہے، اگر وہ قانونی نکات پر توجہ دیں تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن ہو سکتی ہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم سے قبل بھی بانی پی ٹی آئی کو چھ مرتبہ ہسپتال لایا جا چکا ہے، بلڈ پریشر کے معاملے پر ضرورت پڑنے پر لندن سے ڈاکٹر بلایا گیا اور ان کا علاج ان کے لیے ضروری طبی معیار کے مطابق کیا گیا۔
اُن کا خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے 13 سالہ دور حکومت کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اس عرصے میں نہ کوئی قابل ذکر ترقی ہوئی اور نہ ہی عوام کو سہولتیں فراہم کی گئیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ جب تک خیبرپختونخوا میں مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر لیے جاتے، وہاں ایمرجنسی نافذ رہے گی اور حکومت کے پاس اب ناکامی کا کوئی آپشن موجود نہیں۔
طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی ادارے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، تاہم اس جنگ میں تحریک انصاف کا مکمل عدم تعاون رہا۔
اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا معاملہ پی ٹی آئی کی جانب سے خود اپنے خلاف سیاسی خودکش حملہ تھا جبکہ گورنر راج اور ایمرجنسی کا آپشن آخری حل کے طور پر استعمال کیا گیا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا دور پاکستان میں ہمیشہ فساد اور انتشار کی سیاست کا دور رہا ہے، تاہم اب ملک سے اس سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے، خیبرپختونخوا سمیت پورا پاکستان امن اور ترقی کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔