یورپ میں مہنگائی اوربنیادی سہولیات کےبحران پرعوام سڑکوں پر نکل آئے، پیرس، لزبن اوربارسلونا میں ہزاروں افراد کے احتجاجی مظاہرے،مظاہرین نےمعاشی ریلیف، سستے مکانات، تنخواہوں میں اضافے اور بہتر تعلیمی سہولیات کا مطالبہ کردیا۔
فرانس کےدارالحکومت پیرس میں ہزاروں افراد نے بڑھتی مہنگائی، اخراجات اور سرکاری خدمات کی ناقص صورتحال کےخلاف احتجاجی مارچ کیا، مظاہرین نے موسیقی کی دھنوں پر رقص کیا،مختلف کرداروں کےملبوسات پہنےاوربینرز اٹھا کر قیمتوں میں کمی اورتنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
پلیس دے لا ناسیوں کےمقام پر پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کومنتشرکرنے کے لیے آنسوگیس کا استعمال کیا جبکہ متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں شدید بارش کے باوجود ہزاروں افراد مہنگائی، کم تنخواہوں اور رہائشی بحران کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔
اسپین کےشہربارسلونا میں بھی اساتذہ اور سماجی کارکنوں نے احتجاجی مارچ کیا۔ مظاہرین نےمعیاری سرکاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی اصلاحات کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب کروشیا کےدارالحکومت زغرب میں سابق کھلاڑی اور کوچ کرسٹیان یوسیپ پیریش کی نفسیاتی اسپتال میں ہلاکت کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا، مظاہرین نے طبی اداروں میں مریضوں کے تحفظ اور شفاف احتساب کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا