1000004678

ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 10، 10 لاکھ روپے کے نقد انعامات دیے گئے۔

وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) رانا ثناء اللہ خان نے بدھ 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان کی گولڈ میڈل یافتہ مردوں کی اسکوائش ٹیم کے چاروں کھلاڑیوں نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اشہب عرفان کو 10، 10 لاکھ روپے دیے۔

تقریب میں سیکریٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاور حسین اور سیکریٹری جنرل پاکستان اسکوائش فیڈریشن ایئر کموڈور (ریٹائرڈ) عامر نواز نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچز اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی اس کامیابی کو عظیم قومی فخر کا باعث قرار دیا۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی لگن، نظم و ضبط اور عزم کو سراہا جس کی بدولت پاکستان نے اپنی سر زمین پر یہ معتبر ایشیائی ٹائٹل اپنے نام کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حکومتی سطح پر پذیرائی اور حوصلہ افزائی کھیلوں کے فروغ اور قومی صلاحیتوں کی سرپرستی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

سیکریٹری آئی پی سی محی الدین احمد وانی نے بھی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور پاکستان اسکواش کے لیے ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کامیابیاں ملک میں کھیلوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو نمایاں کرتی ہیں اور نئی نسل کو کھیلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے متاثر کریں گی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاور حسین نے بھی قومی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی فتح پاکستان میں اسکوائش کے فروغ کے لیے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوگی۔

متعلقہ ٹیگز:#Sports