احتساب عدالت پشاور میں اپر کوہستان اسکینڈل کے ملزم کیشیئر مشرف شاہ نے پلی بارگین کی درخواست دی ہے۔ احتساب عدالت کے جج نے درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
مشرف شاہ کی 51 کروڑ 31 لاکھ 38 ہزار 424 روپے کی پلی بارگین درخواست کی منظور دے دی گئی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم کی تمام جائیداد اور رقوم حکومتِ خیبر پختونخوا کے حق میں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔
فیصلے کے مطابق احستاب عدالت نے ملزم کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے، نیب آرڈیننس کے تحت ملزم کو سزا یافتہ تصور کرتے ہوئے نااہل قرار دیا گیا۔
فیصلے کے مطابق کوہستان اسکینڈل میں 37 ارب سے زائد روپے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی خزانے سے نکالے گئے، نیب کے مطابق ترقیاتی منصوبے گراونڈ پر موجود نہیں اور پیسے نکالے گئے ہیں۔
فیصلے کے مطابق اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران ملزم مشرف شاہ کو حراست میں لیا گیا، ملزم نے اہلیہ، بھائی اور دوست کے ناموں اور بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا۔
فیصلے کے مطابق ملزم کی اہلیہ کے نام ایبٹ آباد میں بنگلہ اور بشام میں تین کنال مکان بحق سرکار ضبط کیا جائے۔ ملزم کی تعمیراتی کمپنیوں کے اکاونٹس میں موجود 40 کروڑ سے زائد رقم بحق سرکار ضبط کی جائے۔
فیصلے کے مطابق ملزم مشرف شاہ، اس کی اہلیہ، بھائی اور دوست کے بیانات بغیر دباؤ، رضاکارانہ طور پر دیئے گئے ہیں۔ عدالتی فیصلےمیں کہا گیا کہ پلی بارگین کی درخواست کی توثیق کی جاتی ہے۔