1000004828

12 نومبر کو شکیب جلالی نے اپنی زندگی کی کتاب کو ہمیشہ کے لیے بند کر دیا۔ ذہنی دباؤ اور نفسیاتی الجھنوں کا شکار ہوکر شکیب نے صرف 32 سال کی عمر میں‌ خود کشی کر لی تھی۔

وہ 1966ء میں دنیا سے رخصت ہوئے۔ یہ وہ زمانہ تھا جب شکیب جلالی کو بحیثیت شاعر نہ صرف ادبی حلقوں اور باذوق لوگوں میں پہچان مل رہی تھی بلکہ وہ ایک توانا اور منفرد لب و لہجے کے شاعر بن کر ابھر رہے تھے۔

جہاں تلک بھی یہ صحرا دکھائی دیتا ہے

مری طرح سے اکیلا دکھائی دیتا ہے

نہ اتنی تیز چلے سر پھری ہوا سے کہو

شجر پہ ایک ہی پتا دکھائی دیتا ہے

یہ اشعار شکیب جلالی کے تخلیقی سفر کی یاد تازہ کرتے ہیں۔ کہتے ہیں‌ کہ شکیب کے والد بھی ذہنی مریض بن گئے تھے اور وہی شکیب کی والدہ کی الم ناک موت کے ذمہ دار بھی تھے۔ کہا جاتا ہے کہ شکیب کے والد نے بریلی کے اسٹیشن پر اپنی زوجہ کو بچّوں‌ سمیت ٹرین کے انجن کے آگے دھکیل دیا تھا۔ اس وقت شکیب نوعمر تھے اور یہ منظر ان کی آنکھوں کی پتلی میں‌ جیسے جم سا گیا۔ وہ تاعمر مضطرب رہے اور اسی باعث ڈپریشن کا شکار ہوگئے۔ انھیں لاہور کے پاگل خانے میں بھی داخل کروایا گیا تھا جہاں علاج کے بعد شکیب معمول کی زندگی گزار رہے تھے مگر کوئی نہیں جان سکا کہ ان کے اندر ایک طوفان برپا ہے۔

شکیب کا اصل نام سیّد حسن رضوی تھا۔ وہ یکم اکتوبر 1934ء کو علی گڑھ (اتر پردیش) کے ایک قصبے میں پیدا ہوئے۔ تقسیمِ ہند کے بعد شکیب جلالی اپنی بہنوں کو لے کر پاکستان آگئے۔ لیکن ان کے ذہن کے پردے پر وہ قیامت خیز منظر ایک فلم کی طرح چلتا رہتا تھا جب ان کی ماں ریل کے نیچے آئی تھی۔ شکیب نے شادی بھی کی اور صاحبِ اولاد ہوئے، مگر کم عمری سے نوجوانی تک وہ شدید ذہنی کرب سے گزرتے رہے تھے اور پھر نفسیاتی الجھنوں کا شکار ہوگئے۔ اس لیے ان کی گھریلو زندگی زیادہ خوش گوار نہیں رہی۔

شکیب جلالی کا ماحول، گھریلو اور معاشی حالات اور والدین کا ان کے ساتھ رویہ کیسا تھا اگر جان لیا جائے تو ان کی خود کُشی کی بنیادی وجہ بھی سامنے آجاتی ہے۔ تاہم ان کی والدہ کی موت کے سانحے کو دو طرح سے بیان کیا گیا ہے۔ کہا یہ بھی جاتا ہے کہ شکیب کے والد ابتداً تو مذہبی تھے، لیکن پھر وظائف اور چلّہ کاٹنے کے چکر میں پڑ گئے اور ان کی ذہنی کیفیت اچھی نہ رہی۔ دماغ الٹ‌ گیا اور اسی حالت میں ایک روز اپنی بیوی بچوں کو بہانے سے گھر سے لے کر نکلے اور پٹڑی پر دھکیل دیا۔ بعد میں انھیں پاگل خانے بھیج دیا گیا جہاں سے نکلنے کے بعد وہ زندگی کی قید سے بھی آزاد ہوگئے۔ شکیب نے یہ سب اپنی آنکھوں‌ سےدیکھا اور محسوس کیا تھا۔

قیامِ پاکستان کے بعد شکیب یہاں چلے آئے اور سرگودھا میں انھوں نے زندگی کا بڑا حصہ گزارا۔ ان کا مجموعۂ کلام بعد از مرگ احمد ندیم قاسمی نے شایع کروایا تھا۔

شکیب نے بدایوں شہر سے میٹرک کیا تھا۔ ہجرت کے بعد سیالکوٹ سے ایف اے اور لاہور کی درس گاہ سے بی اے آنرز کی ڈگری لی مگر مزید تعلیم نہیں حاصل کرسکے۔ چند ادبی جرائد میں کام کرنے کا تجربہ حاصل کیا اور پھر ایک اخبار سے منسلک ہوگئے۔ اسی زمانہ میں ایک سرکاری محکمہ میں ملازمت مل گئی۔ مگر ساتھ ہی شکیب کی ذہنی الجھنیں بھی بڑھ گئی تھیں۔ وہ شادی کرچکے تھے اور خدا نے ان کو اولاد سے بھی نوازا تھا۔

سرگودھا میں‌ ڈاکٹر وزیر آغا جیسی ہمہ جہت ادبی شخصیت سے شکیب کا تعلق گہرا رہا۔ ڈاکٹر صاحب لکھتے ہیں، جہاں تک میرا خیال ہے شکیب کی زندگی کا سب سے خطرناک دور وہ ہے جب وہ لاہور میں ذہنی امراض کے اسپتال سے فارغ ہو کر سرگودھا پہنچا۔ جب وہ میرے پاس آیا تو تا دیر میرے کتب خانے میں بیٹا رہا، اس کے ہونٹ تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد ایک ایسے حزیں سے تبسم میں بھیگ جاتے تھے جس کا تجزیہ کرنے سے میں قاصر ہوں۔ وہ ان ملاقاتوں کا احوال لکھتے ہوئے ایک جگہ رقم طراز ہیں، شکیب نے اچانک اپنی جیب سے کاغذ کا ایک پرزہ نکال کر میرے سامنے رکھ دیا اور ایک مجروح سی ہنسی کے ساتھ کہا "یہ میری زندگی کا حاصل ہے۔” میں نے دیکھا تو ذہنی امراض کے ہسپتال کا سرٹیفکیٹ تھا جس میں لکھا تھا کہ مریض صحت یاب ہو کر واپس جا رہا ہے۔ بولا، گویا اب میرے اعمال نامہ میں یہ بات درج ہے کہ میں اتنا عرصہ پاگل خانے میں رہا۔ اس روز کے بعد وہ ہر روز میرے پاس آتا اور گھنٹوں میرے پاس بیٹھا رہتا۔ کبھی تو مسلسل مہر بلب بیٹھا خلا کو گھورے چلا جاتا جیسے قوتِ گویائی سے محروم ہے اور کبھی لگاتار باتیں کرتا اور ہنس ہنس کر بے حال ہو جاتا۔ پھر اپنے شعری مجموعہ کا ذکر چھیٹر لیتا۔ جب میں نے اسے بتایا کہ اس کی شاعری اردو ادب میں بالکل ایک نئی آواز ہے تو حیرت زدہ ہو کر مجھ سے پوچھتا کہ کیا واقعی؟

ایک روز اس نے اپنی ایک تازہ غزل بھی سنائی جو میں نے بعد ازاں "اوراق” میں بھی شائع کی۔ پھر ایک شام وہ نہ آیا۔ دوسرے روز بھی غائب رہا۔ تیسرے روز دوپہر کے قریب کسی اجنبی نے مجھے ٹیلی فون پر بتایا کہ شکیب نے خود کو ریل کے انجن کے آگے گرا کر خود کشی کرلی ہے۔ بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ خود کشی کے روز وہ صبح سویرے اپنے مکان کی بالائی چھت پر چلا گیا تھا اور گھنٹوں لگاتار آنسو بہاتا رہا۔ بیوی نے تشفی دینے کی کوشش کی لیکن بے سود۔ دوپہر سے قبل اس کی طبیعت سنبھل گئی اور وہ نئے اجلے کپڑے پہن کر گھر سے نکلا۔ پھر وہ گھر سے بہت دور ریلوے لائن کے پار ایک مکان کے تھڑے پر بیٹھ کر ریل کی آمد کا انتظار کرتا رہا۔ جیسے ہی انجن دکھائی دیا تو بے تحاشہ اس کی جانب دوڑا اور خود کو ریل کے انجن کے سامنے اس طور پھینک دیا کہ اس کی دونوں ٹانگیں کٹ گئیں۔

شکیب جلالی نے غزل جیسی مقبول صنفِ سخن کو اپنی فکرِ تازہ سے وہ دل کشی اور نغمگی عطا کی جس نے انھیں ہم عصر شعرا کے درمیان امتیاز اور خوب شہرت دی۔ ان کا لہجہ تازہ اور آہنگ سب سے جدا تھا۔ وہ اردو کے صاحبِ اسلوب شاعر کہلائے۔ روشنی اے روشنی ان کا وہ شعری مجموعہ ہے جو 1972ء میں شایع ہوا۔ 2004ء میں شکیب جلالی کا کلّیات بھی منظرِ‌ عام پر آیا۔ شکیب جلالی نے اپنے اشعار سے جہاں ادبی حلقوں کو اپنی جانب متوجہ کیا تھا، وہیں باذوق قارئین میں بھی مقبول ہورہے تھے۔

شکیب جالی کے چند مشہور اشعار - - - -

شکیبؔ اپنے تعارف کے لیے یہ بات کافی ہے

ہم اس سے بچ کے چلتے ہیں جو رستہ عام ہو جائے

افسانہ نگار اور ادیب احمد ندیم قاسمی لکھتے ہیں، جب بھی کوئی مجھ سے پوچھتا ہے کہ گزشتہ دس بارہ برس کے اندر کون سا ایسا شاعر ابھرا ہے جس نے صحیح معنوں میں بھرپور غزل کہی ہو تو بغیر کی تکلف کے میں شکیب جلالی کا نام لیتا ہوں۔ شکیب جلالی نظم بھی کہتا ہے اور اس نے بعض ایسی نظمیں بھی کہی ہیں کہ پوری اردو نظم کا انتخاب پیش نظر ہو تو ان کی ان نظموں کو آسانی سے نظر انداز نہیں کیا جا سکے گا۔ مگر وہ بنیادی طور پر غزل کا شاعر ہے۔ ناصر کاظمی، احمد فراز اور شہزاد احمد جیسے کامیاب غزل کہنے والے شعراء کی موجودگی میں کسی نئے شاعر کا غزل کے میدان میں اپنا ایک مقام پیدا کر لینا کچھ آسان کام نہ تھا۔ مگر شکیب کی بے پناہ فنی اور تخلیقی قوتوں نے چند ہی برس کے اندر اِن غزل گو شعراء کے برابر لا کھڑا کیا ہے بلکہ میں سمجھتا ہوں شکیب کے دم سے اردو غزل نے ایک اور سنبھالا لیا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan