امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں 11 ماہ کے بچے کو تقریباً 24 گھنٹے تک زمین میں زندہ دفن رہنے کے بعد باحفاظت نکال لیا گیا۔
بچہ جنگل میں ایک کتے کے پنجرے میں زمین کے اندر دفن تولیے میں لپٹا ہوا ملا۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق لیکسنگٹن کاؤنٹی کے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے شیرف کا کہنا ہے کہ بچے کو منگل کے روز ایک بڑے سرچ آپریشن کے دوران تلاش کیا گیا، اہلکاروں کو بچے کے دادا کے گھر سے تقریباً 50 گز دور جنگل میں تازہ کھودی گئی مٹی دکھائی دی جہاں سے بچے کو زندہ نکالا گیا۔
شیرف ڈپارمنٹ کے مطابق بچے کے والد مائیکل کومر کو پیر کی رات چوری اور گرفتاری میں مزاحمت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، حکام مزید الزامات عائد کرنے کے لیے استغاثہ کے دفتر سے رابطے میں ہیں۔
11 ماہ کا کوآہ شارپ پیر کے روز اس وقت لاپتہ ہوا تھا جب اس کی والدہ کسی کام سے باہر گئی تھی اور بچے کو اس کے والد کی دیکھ بھال میں چھوڑ گئی تھی، بچے کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کر دی تھی۔
شیرف ڈپارٹمنٹ کے مطابق بچے کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں کو امید ہے کہ وہ صحت یاب ہو جائے گا