وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد آمد پر پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔
پرتگال کے وزیرخارجہ پاؤلو رینجل وزارت خارجہ پہنچے،جہاں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےپرتگالی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا،دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کو 77 سال مکمل ہوچکے ہیں،دونوں ممالک دہائیوں پر محیط دوستی اور نئے سیاسی روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے پرتگال کو 2027-28 کے لیےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دیتےہوئےکہا کہ پاکستان سیاسی تعلقات مضبوط بنانے، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے۔
پرتگالی وزیرخارجہ پاؤلو رینجل نےکہا کہ وزارتی سطح پر 19 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہے ہیں،پاکستان نےگزشتہ دو برس کے دوران عالمی سطح پر تنازعات کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے غزہ کے معاملے پر پاکستان کے کردار کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سیاست، سفارتکاری اور مذاکرات میں پاکستان کا کردار کلیدی رہا ہے۔
پرتگالی وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ انکا مقصد پاکستان کےساتھ دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے،پاکستان کو جی ایس پی پلس کےمعاملے پر پرتگال کی مکمل حمایت حاصل ہے،جبکہ پرتگال پاکستانی مصنوعات اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی تعاون کا خواہاں ہے۔
انہوں نے پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر سراہا۔