1000305370

14 ماہ کی کم ترین سطح تک گرنے کے بعد آج سونے کی قیمت میں جزوی بحالی دیکھی گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق پیر کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت دو فیصد اضافے کے ساتھ 3603.77 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت میں تقریباً 9 فیصد کمی آئی تھی جو مارچ کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ تھی۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں اسپاٹ سلور 2.4 فیصد اضافے کے ساتھ 42.15 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.8 فیصد بڑھ کر 1309.86 ڈالر اور پیلیڈیم 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 894.58 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ دسمبر کی ترسیل کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 2.5 فیصد بڑھ کر 3603.20 ڈالر فی اونس ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق سرمایہ کار امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کے حکام کے بیانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور شرح سود کے مستقبل سے متعلق نئے اشاروں کے لیے امریکا میں مہنگائی کے آئندہ اعداد و شمار کے منتظر ہیں۔

مارکیٹ کے شرکا اب بدھ کو جاری ہونے والے امریکی پرسنل کنزمپشن ایکسپنڈیچرز یعنی ذاتی کھپت کے اخراجات کے اعداد و شمار کے منتظر ہیں، جو مہنگائی کا ایک اہم پیمانہ ہے اور جس پر مرکزی بینک 2 فیصد افراط زر کے ہدف کے تناظر میں قریبی نظر رکھتا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan