1000305455

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 4 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے عوام سے وصول کیے گئے 3 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد رقم 4 ماہ تک اپنے پاس رکھی۔ تاخیر سے ادائیگی پر 4 کروڑ 63 لاکھ روپے کا سرچارج بھی وصول نہ کیا جا سکا۔ رپورٹ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آئل کی نگرانی پر سوالات اٹھا دیئے۔

عوام نے گاڑی میں پیٹرول اور ڈیزل ڈلواتے وقت لیوی ادا کی مگر یہ رقم قومی خزانے میں جاتے جاتے 4 مہینے لگ گئے۔ چار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے عوام سے وصول کیے گئے اربوں روپے تقریباً چار ماہ تک اپنے پاس رکھے۔ قومی خزانے کو رقم تاخیر سے ملی اور قانون کے تحت واجب الادا سرچارج بھی وصول نہ کیا جا سکا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے پیٹرولیم ڈویژن سے متعلق مالی سال 2025،26 کی رپورٹ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کر دی۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق 4 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 3 ارب 40 کروڑ 52 لاکھ 38 ہزار روپے تاخیر سے جمع کرائے۔ آڈٹ حکام نے 61 کیسز میں ان کمپنیوں کی لیوی ادائیگیوں کا جائزہ لیا۔ تاخیر سے ادائیگی کے باوجود 4 کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد کا لیٹ پیمنٹ سرچارج وصول نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پیٹرولیم لیوی کی بروقت وصولی کی مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچا۔ تاخیر سے ادائیگی پر سرچارج وصول نہ کرنا پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2019 کی خلاف ورزی ہے۔ معاملہ اکتوبر 2025 میں پیٹرولیم ڈویژن کی انتظامیہ کے سامنے بھی اٹھایا گیا۔آڈٹ حکام نے تاخیر سے ادائیگی کرنے والی کمپنیوں سے واجب الادا سرچارج وصول کرنے کی ہدایت کر دی۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan