اسلام آباد ہائیکورٹ نے لکی مروت کے شہری حماد اللہ کی اسلام آباد کے ڈومیسائل بنوانے کی درخواست پر سماعت کے دوران ڈی سی آفس کو 5 روز میں شہری کا ڈومیسائل بنانے کی ہدایت کر دی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کلرک عدالت میں پیش ہوئے، ڈی سی آفس کی جانب سے عدالت میں کلرک کی نمائندگی پر چیف جسٹس برہم ہوگئے۔
کلرک نمائندہ ضلع انتظامیہ نے کہا کہ دوسرے ضلع سے این او سی کے ایک سال بعد ڈومیسائل بنتا ہے، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ آپ کون ہیں، آپ کا کیا عہدہ ہے، کلرک نے جواب دیا کہ میں ایل ڈی سی کلرک ہوں۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے، نواب کے بچوں نے خود آنے کے بجائے کلرک بھیجا ہے، نہ ڈی سی آیا، نہ سپرنٹنڈنٹ اور نہ اے سی، بلا لیں ڈی سی کو، جب این او سی آگیا تو کیا وہ ایک سال انتظار کرے گا، پانچ روز میں شہری کو ڈومیسائل نہ بنا کر دیا تو ڈی سی ذاتی حیثیت میں پیش ہو۔
عدالت نے ہدایت کے ساتھ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔