1000004403

بانی تحریک انصاف عمران خان کےوکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج نہ ہونے سے برین ہیمرج اور ہارٹ اٹیک ہوسکتا ہے

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی طبیعت سے متعلق تشویشناک انکشافات کیے۔

انہوں نے بتایا کہ آج عدالت میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کی حالت کی طرف توجہ دلائی، طویل وقفے کے بعد جیل میں بانی پی ٹی آئی اوراہلیہ سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، جس کے بعد عدالت سے ان کی فوری اسپتال منتقلی اور آزاد میڈیکل بورڈ کی تشکیل کی استدعا کی گئی ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر یکم نومبر کو 192 تک پہنچ گیا تھا اور معالجین کے مطابق بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں برین ہیمرج اور ہارٹ اٹیک کا شدید خطرہ موجود ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان اپنی اہلیہ کی بینائی کی خرابی سے متعلق بھی شدید پریشان ہیں، بشریٰ بی بی کی اگلی سرجری کے لیے 15 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، تاہم انہوں نے سابقہ معالجین یا اسپتال سے دوبارہ سرجری کرانے سے انکار کر دیا ہے۔

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پہلی سرجری کے فوری بعد آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہونے کے باوجود بشریٰ بی بی کو دوبارہ جیل منتقل کرنا مناسب نہیں تھا، انہوں نے عدالت سے سابقہ سرجریز کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بیرسٹر سلمان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنے وکلاء کو القادر ٹرسٹ کیس میں عدالت کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور پوری تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ وکیل نے دعویٰ کیا کہ سائفر اور توشہ خانہ کی طرح القادر ٹرسٹ کیس بھی جلد ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جج صاحب نے اتفاق کیا ہے کہ بنیادی اپیلوں کی سماعت ساتھ کی جائے گی، اب عدالت طے کرے گی کہ نیب اپیلیں پہلے سنی جائیں یا القادر ٹرسٹ کیس۔

بیرسٹر سلمان کا کہنا تھا کہ بحیثیت پیشہ ور وکیل ان کی پہلی ترجیح عدالت میں حقائق پیش کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ تمام قانونی مسائل کا حل عدالتوں ہی کے ذریعے تلاش کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی لطیف کھوسہ کے ہمراہ ان کی عمران خان سے دوبارہ ملاقات ہوگی.

متعلقہ ٹیگز:#Crime