بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سے ملاقات سے انکار کا انکشاف سامنے آیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی سے سینیئر وکلا سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان سے وکلا کی ملاقات کرانے میں چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کوئی کردار نہیں تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اس سے قبل بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حالیہ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے وکلا کو ہدایت کی ہے کہ سلمان اکرم راجہ سے ان کے مقدمات (کیسز) واپس لے لیے جائیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئندہ کے مذاکرات کی ذمہ داری سینیئر رہنما سردار لطیف کھوسہ اور پارٹی کی پارلیمانی قیادت کو سونپ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات اور نئی ہدایات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بنیادی تنظیمی اسٹرکچر میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔