1000005132

ہم ہر سال اپنی سالگرہ بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ کیک کاٹتے ہیں موم بتیاں جلاتے ہیں مبارک بادیں وصول کرتے ہیں اور آنے والے سال کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ بظاہر یہ خوشی کا دن ہوتا ہے لیکن اگر ذرا ٹھہر کر غور کریں تو ایک سوال ذہن میں ضرور پیدا ہوتا ہے کہ آخر ہم کس بات کا جشن منا رہے ہیں؟

حقیقت یہ ہے کہ سالگرہ کے ساتھ ہماری عمر میں ایک سال کا اضافہ ضرور ہوتا ہے مگر ہماری زندگی میں موجود وقت کا ایک سال کم بھی ہو جاتا ہے۔ ہم بظاہر بڑے ہو رہے ہوتے ہیں لیکن حقیقت میں زندگی کی مہلت گھٹ رہی ہوتی ہے۔ عمر کا بڑھنا دراصل وقت کے گزرنے اور موت کے مزید قریب ہونے کا نام بھی ہے۔

زندگی کی سب سے بڑی حقیقت یہی ہے کہ ہر گزرتا ہوا دن ہمیں ہماری منزل آخرت کے قریب کر رہا ہے۔ مگر افسوس کہ ہم عمر کے بڑھنے پر خوش تو ہوتے ہیں لیکن یہ نہیں سوچتے کہ اس ایک سال میں ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا؟ کتنے اچھے کام کیے؟ کتنے لوگوں کے کام آئے؟ کتنے دلوں کو خوشی دی؟ اور اپنے مقصد حیات کے لیے کتنا سفر طے کیا؟

اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ سالگرہ منانا غلط ہے یا خوشی کا اظہار نہیں کرنا چاہیے بلکہ اصل بات یہ ہے کہ اس دن کو محض جشن کے بجائے خود احتسابی کا موقع بھی بنانا چاہیے۔ اپنی زندگی کے گزرے ہوئے سال کا جائزہ لینا چاہیے اور آنے والے وقت کو بہتر بنانے کا عہد کرنا چاہیے۔

یاد رکھیے! سالگرہ پر عمر کا ایک ہندسہ بڑھتا ہے مگر زندگی کا ایک سال کم ہو جاتا ہے۔ اصل کامیابی لمبی عمر پانے میں نہیں بلکہ باقی ماندہ زندگی کو بامقصد بامعنی اور نیکیوں سے بھرپور بنانے میں ہے

متعلقہ ٹیگز:#Articles