1000004393

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آج حکومتی کمیٹی کے ساتھ انتہائی اہم مذاکراتی دور ہوا، اس سے پہلے بھی مذاکرات کے 9 راونڈ ہو چکے ہیں جبکہ آج دسواں راونڈ تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمارے سامنے عوام کو ریلیف دلانا اہم ایشو تھا، حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ عالمی صورتحال کے باعث تیل کی مصنوعات کی ترسیل میں مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج طے پایا ہے کہ جاری ریلیف میں وسعت لائی جائے، ریلیف جاری رکھنے کے لیے آئی ایم ایف سے بات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

لیاقت بلوچ کے مطابق جماعت اسلامی نے تجویز دی ہے کہ 1000 سی سی گاڑیوں اور زرعی شعبے کو بھی ریلیف سکیم میں شامل کیا جائے۔ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ جائز ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کو فوری اور نظر آنے والا ریلیف دیا جائے، حکومت اپنی عیاشیاں چھوڑنے کو تیار نہیں جبکہ ایف بی آر کی ناکامیوں کا بوجھ عوام پر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پٹرولیم لیوی فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، حکومت نے لیوی کے خاتمے کے لیے آئندہ لائحہ عمل دینے کا کہا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan