برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برانڈ کو ایک مداح سے زیادتی اور اپنے شوبز کیریئر کے دوران تین دیگر خواتین کو ہراساں کرنے کے جرم میں 10 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ کے جج جوئل بینتھم نے فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیے کہ رسل برانڈ بلاشبہ ذہین، خوش گفتار اور بہت سے لوگوں کی نظر میں ایک مزاحیہ شخصیت تھے، لیکن شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے کے دوران وہ ایک جنسی درندہ بن چکے تھے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین جو بھی لباس پہنیں، جہاں بھی جائیں یا کچھ بھی پیئیں، انہیں ہمیشہ "نہیں " کہنے کا مکمل حق حاصل ہے اور ان کی رضامندی کے بغیر جنسی عمل کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت انصاف طلب کیا جا سکتا ہے۔ عدالت میں سزا سنائے جانے کے وقت 51 سالہ رسل برانڈ نے بظاہر کوئی خاص ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت سے لے جائے جانے سے قبل انہوں نے اپنی اہلیہ لورا گالاچر سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "سب ٹھیک ہو جائے گا”۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جیوری نے رسل برانڈ کو 2009 میں ایک 21 سالہ خاتون سے زیادتی اور 2000 کی دہائی کے دوران مزید تین خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا مجرم قرار دیا تھا، تاہم انہیں زیادتی کے دو مزید الزامات اور اقدامِ غیر اخلاقی حملے کے ایک الزام سے بری کر دیا گیا تھا۔ عدالت میں کارروائی کے دوران متاثرہ خواتین نے اپنے ہولناک تجربات شیئر کیے۔ ایک متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ رسل برانڈ کی شہرت بڑھنے کے ساتھ میڈیا میں ان کے نامناسب رویے کو ایک مذاق کے طور پر پیش کیا جاتا رہا، جس سے انہیں شدید ذہنی اذیت پہنچی۔ 2009 میں زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون کا کہنا تھا کہ اس حادثے کے بعد وہ اپنے غم اور یادیں بھلانے کے لیے شراب نوشی کی لت میں مبتلا ہو گئی تھیں۔ ایک اور خاتون نے انہیں ایسا جنسی مجرم قرار دیا جسے اپنے فعل پر ذرا برابر بھی پشیمانی نہیں ہے، جبکہ چوتھی متاثرہ خاتون نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ صدمہ انہیں زندگی بھر پریشان کرتا رہے گا۔
لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے اس مقدمے میں سامنے آنے والی خواتین کی جرات اور عزم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات کی وجہ سے ہی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں مدد ملی۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ رسل برانڈ کے خلاف زیادتی کے مزید دو الزامات پر تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
واضح رہے کہ رسل برانڈ نے 2000 کی دہائی کے آغاز میں چینل 4 کے ایک پروگرام کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی، اور بعد ازاں وہ مشہور برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ریڈیو پر بھی اپنے پروگرامز کرتے رہے ہیں۔