
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برس پڑے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، خراب موسم کے باعث کئی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔صوبائی دارالحکومت میں ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، جیل روڈ سمیت مختلف مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میانوالی، بھلوال، کندیاں، سانگلہ ہل، جھنگ اور چناب نگر میں بھی تیز ہواؤں اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے بعد بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بادل برسنے کا امکان ہے، نوشہرہ، مردان، چارسدہ اور دیگر شہروں میں بارش متوقع ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے باعث تیزی سے گلیشیئرز کے پگھلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2026, All Rights Reserved