چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سوئٹزرلینڈ کی سابق صدر روتھ ڈریفس نے ملاقات کی، روتھ ڈریفس گلوبل کمیشن آن ڈرگ پالیسی کی سٹیئرنگ کمیٹی کی رکن بھی ہیں۔
ملاقات میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا اور ان کے وفد سمیت ڈی جی ریفارمز سپریم کورٹ، ڈی جی وفاقی عدالتی اکیڈمی اور سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان نے شرکت کی۔
ملاقات میں فوجداری نظامِ انصاف میں اصلاحات، جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدیوں اور انصاف تک رسائی میں حائل رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خواتین، بچوں اور منشیات پر انحصار کرنے والے افراد کے حقوق کے تحفظ پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
سوئٹزرلینڈ کی سابق صدر نے قومی جیل اصلاحات ایکشن پلان میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، یہ منصوبہ قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے مشترکہ تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
ملاقات میں مقدمات کے فیصلوں سے قبل قید کی مدت میں کمی اور قید کے متبادل اقدامات کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔
فوجداری نظامِ انصاف کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضلعی عدلیہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے اور وفاقی عدالتی اکیڈمی میں جوڈیشل افسران کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی، جس کا چیف جسٹس نے خیرمقدم کیا۔
وفد نے مالی مشکلات کے باعث قانونی نمائندگی سے محروم خواتین قیدیوں کے مسائل کی نشاندہی کی۔
اس موقع پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وفد کو لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے مفت قانونی معاونت کے پروگرام سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مستحق افراد ہیلپ لائن 1818 کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ مالی مشکلات انصاف تک رسائی میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی شخص کو قانونی نمائندگی سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔