1000305720

پنجاب بھر میں صفائی کی شکایات رجسٹرڈ کروانے کے لیے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرادیا گیا، شہری اب صفائی سے متعلق شکایات چند گھنٹوں میں حل کرا سکیں گے۔

پنجاب حکومت نے ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے صوبے میں پہلی بار کیو آر کوڈ (QR Code) پر مبنی شکایات و فیڈبیک سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔

اس نظام کے تحت شہری مختلف مقامات پر آویزاں کیو آر کوڈز کو اسکین کر کے اپنے علاقے میں تعینات صفائی عملے کی تفصیلات دیکھ سکیں گے، صفائی سے متعلق شکایات درج کرا سکیں گے اور سروسز پر اپنی رائے (فیڈبیک) بھی دے سکیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک خصوصی اجلاس میں اس اقدام کا جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت کی کہ صفائی سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کو محض چند گھنٹوں کے اندر حل کیا جائے۔

انہوں نے صوبے بھر میں مناسب مقامات پر کوڑے دان نصب کرنے کا حکم دیتے ہوئے دیہی علاقوں میں صفائی کا عمل ہفتے میں کم از کم دو بار یقینی بنانے اور دیہاتیوں کو مقررہ کنٹینرز میں کچرا پھینکنے کی ترغیب دینے پر زور دیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں صفائی عملے اور مشینری کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے، روزانہ ایک تحصیل میں خصوصی صفائی آپریشن (ڈیپ کلیننگ) کیا جائے اور گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری اور دیہی علاقوں پر یکساں توجہ دی جائے کیونکہ صفائی ستھرائی عوامی خدمت کا سب سے نمایاں اظہار ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے سڑکوں کے کنارے جھاڑیاں اور گھاس پھوس صاف کرنے کے لیے جدید مشینری استعمال کرنے اور ہر ضلع میں ’اینٹی لٹرنگ اسکواڈز‘ (کچرا پھیلانے والوں کے خلاف دستے) قائم کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گلیوں اور نالیوں میں بار بار کچرا پھینکنے والوں پر جرمانے عائد کیے جائیں، کچرا ٹھکانے لگانے کے مزید مقامات بنائے جائیں اور تجارتی مراکز و سڑک کنارے ریڑھی بانوں کے علاقوں میں مناسب کوڑے دان رکھے جائیں۔

مریم نواز نے صوبائی وزیرِ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کے معیار، عملے کی حاضری اور مشینری کی حالت چیک کرنے کے لیے خود اچانک دورے کریں۔

اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، ملتان، وہاڑی، لودھراں، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عملے اور مشینری کی دستیابی پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 93 ہزار سے زائد سینی ٹیشن بیٹس قائم کی جا چکی ہیں، 51 ہزار سے زائد خالی پلاٹوں کی نشاندہی کر کے تقریباً 30 ہزار پلاٹوں سے کچرا صاف کر دیا گیا ہے، جبکہ 7,843 کلومیٹر طویل 8,376 نالوں کی صفائی بھی مکمل کر لی گئی ہے اور صوبے بھر کے تمام ’ستھرا پنجاب‘ ورکرز کو تنخواہیں ادا کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan