سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے کہا ہے کہ پاکستان میں 1 ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا کرکٹ کھیلتے ہوئے یہاں سیکیورٹی بہترین ہے، سری لنکا اور پاکستان کا کھانا تقریباً ایک جیسا ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ وائٹ بال فارمیٹس سے مختلف ہے، ٹیسٹ کرکٹ ہر کھلاڑی کھیلنا چاہتا ہے۔ کوشل مینڈس نے کہا کہ سری لنکا کی بولنگ اور بیٹنگ میں توازن ہے، ہمارے بولرز کے پاس فرسٹ کلاس کرکٹ کا وسیع تجربہ ہے. علاوہ ازیں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نےپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑی فرسٹ کلاس کھیل کر آرہے ہیں اور فارم میں ہیں، میری سوچ ہمیشہ مثبت رہتی ہے، بطور سینئر ہمیشہ بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرتا ہوں۔ بابر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی پرفیکٹ نہیں ہوتا، بہتری کی گنجائش ہمیشہ ہوتی ہے، میں اپنی غلطیوں کے بارے میں سوچتا ہوں، جتنا کھیلوں گا اتنا بہتری کی طرف جاؤں گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کل سے راولپنڈی میں شرو ع ہوگا.