اداکار ٹائیگر شروف کی رہائش گاہ اور گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے فلمی دنیا کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
پولیس نے انکشاف کیا کہ حملے سے قبل متعدد نامور بالی ووڈ اداکاروں کی رہائش گاہوں کی ریکی کی گئی تھی، جس کے بعد اب فنکاروں کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کے تمام بڑے اداکاروں اور نامور شخصیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ہجوم والے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور عوامی میل جول کو محدود رکھیں۔
ٹائیگر شروف فائرنگ کیس کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹائیگر پر حملے سے قبل ملزمان نے مبینہ طور پر امیتابھ بچن، سلمان خان، عامر خان اور اکشے کمار سمیت کئی دیگر بڑے ستاروں کے گھروں کے آس پاس بھی نگرانی کی تھی تاکہ ایسے ہدف کا انتخاب کیا جا سکے جہاں سیکیورٹی نسبتاً کمزور ہو۔
اکتوبر میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر ہونے والی فائرنگ کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ سے جڑے عناصر نے قبول کی تھی، جس کے بعد سے انڈسٹری میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی فنکاروں نے بھی اپنی سیکیورٹی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ یہ ایڈوائزری کسی سخت ضابطے کے تحت نہیں بلکہ احتیاطی تدبیر کے طور پر جاری کی گئی ہے تاکہ جب تک حالات مکمل طور پر قابو میں نہیں آ جاتے، ستارے کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہیں