1000004423

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے تحت منعقد ہونے والی فریقین کی 31ویں کانفرنس (کوپ 31) کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے۔

انطالیہ ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال ترکیہ کے نائب وزیر برائے ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی، ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام نے کیا۔

شہباز شریف کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت اجاگر کریں گے۔

وزیراعظم عالمی برادری پر زور دیں گے کہ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے طے شدہ اصولوں کے مطابق بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

شہباز شریف مستقبل کے لیے قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی اور بجلی کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطحی مکالمے سے بھی خطاب کریں گے۔

سربراہی اجلاس کے موقع پر اُن کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت کانفرنس میں شریک مختلف عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و دیگر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کوپ 31 کے دوران پاکستان پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں موسمیاتی تبدیلی اور اس سے متعلق مختلف موضوعات پر 54 تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ کوپ کانفرنسوں میں موسمیاتی سفارت کاری کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا، اسی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں کوپ 27 کے دوران لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ (نقصانات اور تباہ کاریوں سے متعلق فنڈ) کی منظوری ایک اہم پیش رفت تھی۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan