ملتان میں تین مختلف مقامات پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق مقابلے تھانہ بی زیڈ، سیتل ماڑی اور مخدوم رشید کی حدود میں پیش آئے، تینوں مقابلوں کے دوران ایک ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا۔
حکام کا کہنا تھا کہ زخمی ملزمان محمد رضوان اور علی رضا کو گرفتار کر لیا جب کہ تیسرے زخمی ڈاکو کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ملتان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین عدد پسٹل 30 بور اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔