1000004427

بالاکوٹ سمیت گردونواح میں بارش اور وادی ناران سمیت بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم سرد ہو گیا۔

وادی ناران میں گزشتہ پانچ گھنٹوں سے مسلسل برفباری ہو رہی ہے، جبکہ لولوسر جھیل، گٹی داس میڈوز اور بابوسر ٹاپ نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

موسم کی خرابی اور مسلسل برفباری کے پیش نظر بابوسر ٹاپ کو آمدورفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بالائی علاقوں میں موسم سرما کی آمد کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی محدود ہو گئی ہیں، بڑاوئی اور بٹہ کنڈی میں تمام کاروباری سرگرمیاں آئندہ پانچ ماہ کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

بٹہ کنڈی میں قائم ہوٹلز، دکانیں اور پیٹرول پمپس بھی برفباری کے پیش نظر آئندہ سیاحتی سیزن تک بند کر دیے گئے ہیں۔ ادھر جھیل سیف الملوک پر بھی برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے علاقے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan