متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی تیار ہے، ظلم کا خاتمہ ہو گا اور مظلوم عوام کے لیے راحت کا دور شروع ہونے والا ہے، اگلے سال سے پاکستان کی حقیقی آزادی کے دائمی عہد کا آغاز ہو گا۔
کراچی کے علاقے کورنگی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے حق میں کراچی بڑے اجتماع میں اپنا فیصلہ سنائے گا، پیپلز پارٹی اپنے بانی کے آئین میں 27 ترامیم کروا چکی ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق بجٹ کے پہلے دن ہی مالی طور پر لاچار کر دیا گیا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ صوبے ہزاروں ارب روپے سالانہ وصول کرنے کے باوجود ذمے داریاں ادا نہیں کرتے، 16 سال میں وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی سے کشمور دھول اڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ سیکڑوں ماؤں کی بیٹیاں اغواء ہو جاتی ہیں، بچے ایچ آئی وی کا شکار ہو رہے ہیں، گٹر میں گر کر، ڈمپروں کے نیچے اور موبائل فون چھننے پر قوم کے بچے مر رہے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کی تحریک عام انتخابات یا نشستوں کے حصول کا معاملہ نہیں، تمام جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن طور پر کر رہے ہیں، روزانہ کھلے میں ہولز میں گر کر، ڈمپروں کے نیچے قوم کے بچے موت کے منہ میں جا رہے ہیں، موبائل فون چھننے پر بچے مر رہے ہیں لیکن نہ کسی کی غیرت جاگتی ہے اور نہ ریلی نکلتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جو کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کر سکتے وہ دھمکیاں دے رہے ہیں، وہ نئے صوبوں پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ہم نے بڑی جدوجہد اور قربانیوں سے کراچی کو راء کے تسلط سے آزاد کروایا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما نے کہا ہے کہ ہم دوبارہ بھائی کو بھائی سے نہیں لڑنے دیں گے، ہمارے ہوتے ہوئے لسانی بنیادوں پر شہری سندھ میں خون خرابہ کروانے کے خواہشمندوں کو مایوسی کا سامنا ہے، ماضی میں لسانی تفریق کی بنیاد پر خون خرابے سے اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تمام زبانیں بولنے والوں خصوصاً سندھی بھائی بہنوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ہم پر واجب ہے، ان شاء اللّٰہ اگلے سال سے پاکستان کی حقیقی آزادی کے دائمی عہد کا آغاز ہو گا، یہ ایک تاریخی موقع ہے، نئے صوبے بنا کر عوام کو ظالم اور نااہل کرپٹ حکمرانوں سے بچانے والوں کو تاریخ یاد رکھے گی