متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں کی بحث ریاستی سطح پر شروع ہوئی ہے، ہم صرف اس کی تائید کر رہے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں صوبوں کے قیام کی تحریک ہم نے شروع نہیں کی، ہم صرف اس کی حمایت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کی ریفرنڈم پر آمادگی اور وفاقی وزیر اطلاعات کی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ بحث پہلے سے جاری ہے۔
انھوں نے کہا ہمارے پاس نئے صوبوں کی حمایت کے سوا کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا، 26ویں یا 27ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو آئینی اختیارات دے دیئے جاتے تو ہم ساتھ کھڑے ہوتے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کی بات آتی ہے تو ہر کوئی شہر پر حق جتاتا ہے، لیکن مسائل کی ذمہ داری لینے کو کوئی تیار نہیں۔ ہمیں گٹر کے ڈھکن رکھنے تک کا اختیار دینے کو تیار نہیں، بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دینے کی بات کریں تو مخالفت اور خون بہانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سندھ کے چھ میئرز کے نام بھی عوام کی بڑی تعداد نہیں جانتی، کراچی کے مسائل اور بلدیاتی اختیارات پر سنجیدہ بحث کی ضرورت ہے۔