1000304873

دو بچیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے کیس میں سپریم کورٹ نے وین ڈرائیور کی سزا کے خلاف درخواست خارج کردی۔

عدالت عظمیٰ نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے وین ڈرائیور حمید خان کی 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار رکھی ہے۔

جسٹس شہزاد ملک نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کو تھوڑی سزا ملی ہے۔ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 میں سزائے موت ہے۔

جسٹس شہزاد ملک نے یہ بھی ریمارکس دیے کہ ملزم کے کہنے پر فیصلے کرنا شروع کردیں تو ساری جیلیں خالی ہوجائیں گی۔

وکیل صفائی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم 7 سال سے جیل میں ہے، باقی سزا معاف کر کے رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

وکیل صفائی نے عدالت میں یہ بھی کہا کہ ملزم اُس روز جائے وقوعہ پر گیا ہی نہیں، سیف سٹی کیمروں کی ویڈیو بھی نہیں منگوائی گئی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ استغاثہ شک و شبہ سے بالاتر جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔ دونوں بچیوں کے بیانات میں درخواست گزار کے خلاف کوئی دشمنی یا بدنیتی ثابت نہیں ہوئی

متعلقہ ٹیگز:#Crime