1000005001

حکومت نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عوامی رائے حاصل کرنے کے لیے ریفرنڈم کی تیاری تیز کردی ہے، جبکہ ملک کو 10 سے 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ اس سلسلے میں آئینی و قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ریفرنڈم کو ایک اہم آپشن قرار دیا جا رہا ہے۔ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت قومی اہمیت کے کسی معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی گنجائش موجود ہے۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم قومی اہمیت کے اس معاملے پر پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کرکے ریفرنڈم کے انعقاد کے لیے آئینی طریقہ کار اختیار کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے آئندہ اجلاس اہمیت اختیار کرگئے ہیں، جہاں اس معاملے پر پیش رفت متوقع ہے۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی پیپلزپارٹی کی جانب سے مخالفت کے بعد حکومت عوامی رائے حاصل کرنے کے لیے ریفرنڈم کے آپشن پر غور کر رہی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عوامی رائے اور سیاسی اتفاق رائے کی بنیاد پر نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو آگے بڑھایا جائے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں 10 سے 12 نئے صوبے بنانے کی تجویز زیرِ غور ہے، جس کے تحت پنجاب کو چار صوبوں میں تقسیم کرنے جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو دو، دو صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ بلوچستان اسمبلی میں بھی نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قرارداد منظور کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ سیاسی مشاورت اور آئینی تقاضے پورے کرنے سے مشروط ہوگا۔

دوسری جانب ریفرنڈم کی آئینی اور قانونی حیثیت کے تعین کے لیے عدالت سے رجوع کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکومت مختلف سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ اس اہم قومی معاملے پر اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملے پر سینیٹ انتخابات سے قبل پیش رفت کرنا چاہتی ہے، جبکہ آئندہ سینیٹ انتخابات مارچ 2027 کے پہلے ہفتے میں متوقع ہیں۔

تاہم نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کے انعقاد، اس کے نتائج کی آئینی حیثیت اور صوبائی حدود میں تبدیلی کے طریقہ کار سے متعلق حتمی قانونی و سیاسی فیصلے ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan