1000303698

روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوج کے مشرقی گروپ نے یوکرین کے زاپوروزیہ ریجن میں واقع آبادی تیرسیانکا پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران 10 مربع کلومیٹر سے زائد رقبے پر مشتمل یوکرینی فوج کے مضبوط دفاعی علاقے پر قبضہ کرکے 300 سے زائد عمارتوں کو کلیئر کیا گیا۔

روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشرقی فوجی گروپ کی 29ویں مشترکہ فوج کے ماتحت 36ویں علیحدہ موٹر رائفل بریگیڈ کے حملہ آور دستوں نے شدید لڑائی کے بعد تیرسیانکا میں پیش قدمی کرتے ہوئے یوکرینی فوج کے دفاعی مورچوں پر کنٹرول حاصل کیا۔

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران یوکرینی فوج کو دو پلاٹون سے زیادہ نفری کے برابر جانی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ اس کی سات بکتر بند جنگی گاڑیاں، چھ دیگر گاڑیاں، 22 زمینی روبوٹک نظام اور بابا یاگا طرز کے 70 سے زائد بھاری ہیکسا کاپٹر ڈرون تباہ کردیے گئے۔

روسی حکام کے مطابق تیرسیانکا پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد مشرقی فوجی گروپ نے علاقے میں اپنی پوزیشنیں مزید مستحکم کرلی ہیں، جس سے زاپوروزیہ ریجن میں مزید پیش قدمی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

روسی وزارت دفاع نے اپنی روزانہ کی فوجی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف محاذوں پر روسی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں یوکرینی مسلح افواج کے تقریباً 1085 اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی فوجی گروپ کی کارروائیوں میں یوکرین کے 175 سے زائد، مغربی گروپ کے محاذ پر 200 سے زیادہ، جنوبی گروپ کے علاقے میں 130 تک، مرکزی گروپ کی کارروائیوں میں 335 سے زائد، مشرقی گروپ کے علاقے میں 215 سے زیادہ جبکہ دنیپر فوجی گروپ کے محاذ پر 30 تک یوکرینی فوجیوں کے نقصان کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق روسی فوج نے یوکرینی مسلح افواج کے زیر استعمال توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشنل ٹیکٹیکل طیاروں، حملہ آور ڈرونز، میزائل یونٹس اور توپ خانے کے ذریعے یوکرینی فوج کی تنصیبات، ڈرون تیار کرنے والی ورکشاپس، ڈرون ذخیرہ کرنے اور لانچ کرنے کے مقامات، گولہ بارود کے ذخائر اور فوجی اہلکاروں کی عارضی تعیناتی کے مراکز پر حملے کیے گئے۔

وزارت دفاع کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 142 مقامات کو نشانہ بنایا گیا

روسی وزارت دفاع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ روسی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرینی فوج کے 231 فکسڈ ونگ ڈرون مار گرائے۔

جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرین کے فوجی نقصانات کے روسی اعداد و شمار

روسی وزارت دفاع نے خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک یوکرینی فوجی سازوسامان کی تباہی کے مجموعی اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔

روسی دعوے کے مطابق اب تک یوکرین کے 674 جنگی طیارے اور 284 ہیلی کاپٹر تباہ کیے جاچکے ہیں۔

2 لاکھ 87 ہزار 451 ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔

672 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظام تباہ کیے گئے ہیں۔

31 ہزار 641 ٹینک اور دیگر بکتر بند جنگی گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں۔

ایک ہزار 796 ملٹی پل راکٹ لانچر تباہ کیے گئے ہیں۔

36 ہزار 927 فیلڈ آرٹلری گنز اور مارٹر تباہ کیے گئے ہیں۔

77 ہزار 177 خصوصی فوجی گاڑیاں تباہ کی گئی ہیں۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ زاپوروزیہ ریجن میں تیرسیانکا پر کنٹرول حاصل کرنا مشرقی فوجی گروپ کی اہم پیش رفت ہے اور اس سے علاقے میں روسی فوج کی آئندہ کارروائیوں کے لیے نئی بنیاد فراہم ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ تمام جانی و مالی نقصانات اور میدانِ جنگ میں پیش قدمی سے متعلق اعداد و شمار روسی وزارت دفاع کے دعووں پر مبنی ہیں، جن کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق دستیاب نہیں۔ یوکرینی حکام کا مؤقف اور آزادانہ جنگی جائزے ان دعووں کی جانچ کے لیے اہم ہوں گے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan